(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطین کے مختلف علاقوں میں نزار بنات کے قتل کے اندوہناک واقعہ کے بعد سے فلسطینی عوام کا وزیر اعظم سمیت صدر سے مستعٰفی ہونے کا مطالبہ شدت اختیار کر گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین کے شہر رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس کی سرکاری رہائش گاہ کے سامنے ہزاروں فلسطینیوں نےصدر محمود عباس کو نزار بنات کے قتل کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا, صدر عباس کے خلاف نکالی گئی اس احتجاجی ریلی میں مظاہرین نے صدر محمود عباس کے استعٰفے کے نعروں پر مشتمل بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔
دوسری جانب الخلیل، نابلس، جنین اور بیت لحم سمیت کئی دوسرے شہروں میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاجی جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں صدر عباس پر فلسطینی دانشور سماجی کارکن اور پارلیمانی امید وار نزار بنات کے قتل کے الزامات لگاتے ہوئے فوری مستعٰفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ مظاہرین کی جانب سے نزار بنات کے قاتلوں کو جلد سے جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل قابض ریاست اسرائیل میں فلسطینی اتھارٹی کے سکیورٹی اہلکاروں نے سینیر سماجی کارکن نزار بنات کو علی الصبح ان کے گھر میں گھس کر تشدد کا نشانا بنایا تھا اور گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا جس کے بعد شام ڈھلے بنات کو مردہ حالت میں ان کے اہل خانہ کے سپرد کرتے ہوئے اطلاع دی تھی کہ نزار بنات کی زیر حراست طبعی موت واقع ہوگئی۔