(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیل نے فلسطینی اتھارٹی کی غرب اردن میں ہونے والے مظاہروں کو کچلنے کے لیے وسائل کی فراہمی کی درخواست منظور کرلی ہے تاہم نزار بنات قتل کیس میں بڑھتی کشیدگی پر اسرائیل کو خدشہ ہے کہ کسی بھی وقت حالات فلسطینی اتھارٹی کے ہاتھ سےنکل سکتے ہیں۔
اسرائیل کے عبرانی نشریاتی ادارے کےمطابق فلسطینی اتھارٹی نے گذشتہ روز غرب اردن میں سینئر کارکن اور نقاد نزار بنات کے قتل کی مذمت میں احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر آنسوگیس کے شیل برسائے اور صوتی بموں کا استعمال کیا.
اتھارٹی کے پاس موجود آنسوگیس اورصوتی بموں کا ذخیرہ تقریبا ختم ہوگیا جس کے بعدانتظامیہ نے اسرائیلی حکام سے مدد طلب کرتے ہوئے غرب اردن میں اپنے خلاف ہونے والے مظاہروں کو کچلنے کے لیے اسرائیل سے وسائل فراہم کرنے کی درخواست کر دی ہے جسے منظور کر لیا گیا ہے تاہم فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام علاقوں میں نزار بنات قتل کیس میں بڑھتی کشیدگی پر اسرائیل کو خدشہ ہے کہ کسی بھی وقت حالات فلسطینی اتھارٹی کے ہاتھ سےنکل سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ فلسطینی سیکیورٹی فورسز کے پاس موجود مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ذخیرہ اسرائیلی انتظامیہ کی اجازت سے مشروط ہوتا ہے۔ اسرائیل جتنی مقدار میں چاہتا ہے فلسطینی اتھارٹی کو مظاہروں کے خلاف استعمال ہونےوالے آلات کی مقدار فراہم کرتا ہے۔