(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حما س رہنما اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کی جنگ ایک تاریخی باب رقم کرنے جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کےسیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نےاپنے جاری کردہ بیان میں مقبوضہ فلسطین میں ایک ہفتہ قبل شدت اختیار کرنے والے موجودہ جنگ کو ایک نیا موڑ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کی جنگ ایک تاریخی باب رقم کرنے جارہی ہے اور اس میں استقامت ہی ملت فلسطین کے حقوق کے اعادے کا واحد راستہ ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمارے اندر دشمن کی توقع سے زیادہ توانائی اور حوصلہ موجود ہے اور اب تک جو کچھ دیکھنے میں آیا ہے وہ اپنے حقوق کے لئے ایک لامحدود اور بڑی جنگ کے خلاف ایک نیا باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم صورتحال پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور فلسطین کےساتھ جڑے عرب اسلامی دنیا کے وقار کا مشاہدہ کررہے ہیں اور یہ جنگ ان تعلقات کی حقیقت کو ثابت کر نے کے لیے ایک نیا موڑ ہے تاہم اس سے ثابت ہوتا کہ استقامت کے ذریعے ہی فلسطین کو آزاد اور اپنے کھوئے ہوئے حقوق کا اعادہ کیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ قابض ریاست میں القدس اور مسجد الاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدام کے بعد فلسطین کے استقامتی محاذ سے وابستہ گروہوں نے گزشتہ پیر کے روز سے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی اہداف کو اپنے راکٹ اور میزائیل حملوں کا نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔