(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) حماس سربراہ نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے محصور اور افلاس زدہ عوام نے وسائل کی کمیابی کے باوجود ایسے راکٹ تیار کیے جنہوں نے قابض ریاست کےقلب کو ہلا کر رکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی اسلای تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے بیرون ملک امور کے سربراہ خالد مشعل کی جانب سے ویڈیو لنک کے ذریعے جاری خطاب میں کہا کہ معرکہ سیف القدس نے فلسطین کی آزادی کی منزل مزید قریب کر دی ہےاور ہم آزادی فلسطین کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ریاست کا زوال نوشتہ دیوار ہےاور بہت جلد صہیونی ریاست کا وجود دنیا کے نقشے سے مٹ جائے گا۔
واضح رہے کہ ’معرکہ سیف القدس غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملے کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کی اس بھرپور جوابی کارروائی کو کہا جاتا ہے جو رواں سال مئی میں صہیونی فوج کی جانب سے شروع کی گئی تھی، اور قابض فوج کو بھاری شکست اور شرمندگی اٹھانی پڑی تھی۔