(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض فوجیوں نے فلسطینی مزدوروں پر اس وقت بلااشتعال فائرنگ کردی جب وہ اپنے روزگارپرجانے کے لئے چیک پوسٹ کے قریب سے گزر رہے تھے۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض صہیونی فوج نےمقبوضہ بیت المقدس کے مغربی شہر الخلیل میں شیلنگ کرکے کم سے کم 6 فلسطینی مزدوروں کو بے ہوش کردیا جن کو فوری طورپر طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا۔
صہیونی فوجیوں نے فلسطینی مزدوروں پر اس وقت بلا اشتعال آنسو گیس کے شیل فائرکئے جب وہ اپنے روزگارکے حصول کےلئے صہیونی فوج کی بنائی گئی غیر قانونی چوکیوں کے قریب سے گزررہے تھے، ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزدوروں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی کوئی وجہ نہیں نظر آئی اور نا ہی اسرائیلی فوج کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی شدید شیلنگ سے چھ فلسطینی مزدور دم گھٹنے کے باعث بے ہوش ہوگئے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب اسرائیلی فوجیوں نے آنسو گیس کی شیلنگ کی اس وقت کوئی جلسہ جلوس اور احتجاج نہیں ہورہا تھا فلسطینی باشندے اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف تھے کہ اچانک ان پر شیلنگ کی گئی۔