(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) سوشل میڈیا مہم میں دنیا بھر کے صارفین پر زور دیا گیا ہے کہ جب تک فیس بک کی جانب سے فلسطینی پیجز، اکاؤنٹس اور پوسٹس سمیت دیگر فلسطینی مواد کے ساتھ دوہرے معیارکی جنگ ختم نہیں کی جاتی اس وقت تک فیس بک کا بائیکاٹ کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق دنیا بھر میں مقبول سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پرفلسطینیوں کے اکاؤنٹس اور پیجز کو بلاک کر نے اور فلسطینی مواد کو حذف کر نے پر مقبوضہ مغربی کنارے کےشہر الخلیل میں فیس بک کی پالیسیوں کے خلاف ایک مہم کا آغاز کیا گیا جس میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فلسطینی بیانیہ کی حفاظت پر نظر رکھنے والے ادارہ صدا سوشل سینٹرنے فیس بک اور سماجی رابطوں کی دوسری ویب سائٹس استعمال کر نے والے صارفین سے فیس بک کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا مہم میں دنیا بھر کے صارفین پر زور دیا گیا ہے کہ جب تک فیس بک کی جانب سے فلسطینی پیجز، اکاؤنٹس اور پوسٹس سمیت دیگر فلسطینی مواد کے ساتھ دوہرے معیارکی جنگ ختم نہیں کی جاتی اس وقت تک فیس بک کا بائیکاٹ کر تے ہوئے صارفین ایپل اور گوگل پلے اسٹور سے فیس بک کو ون اسٹار ریویو دیں تاکہ فیس بک کا فلسطینیوں کے ساتھ جاری متعصبانہ سلوک کا رد عمل سامنے آئے۔
واضح رہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم کے نتیجے میں پوری دنیا سے بااثر شخصیات، میڈیا کے پیشہ ور افراد، اور سیاست دانوں نے مہم میں حصہ لیااور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 ملین سے زائد صارفین نے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے فیس بک تک فلسطینیوں کے خلاف متعصبانہ رویے پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔