(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی ریاست کے وزیردفاع نے عدالتی اصلاحات کے منصوبہ کو صہیونی ریاست کی سلامتی کے لیے ’’فوری اور ٹھوس خطرہ‘‘قرار دیا تھا۔
غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی تاریخ کی انتہائی دائیں بازو کی حکومت کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے قانونی اصلاحات کے تنازع پراپنے وزیردفاع یواف گیلنٹ کو برطرف کردیا ہے۔مسٹر گیلنٹ نے عدالتی نظام کو تبدیل کرنے کے متنازع منصوبے کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق نیتن یاہو نے مسٹرگیلنٹ کو اتوار کے روزایک اجلاس میں طلب کیا اورانھیں بتایا کہ انھیں اب وزیردفاع کی حیثیت سے ان پراعتماد نہیں رہا ہے۔
اسرائیل میں نیتن یاہوحکومت کے عدلیہ کے اختیارات کو محدود کرنے کے منصوبے کی وجہ سے گذشتہ دوایک ماہ سے عوامی احتجاج جاری ہے۔گیلنٹ نے اس منصوبہ کو صہیونی ریاست کی سلامتی کے لیے ’’فوری اور ٹھوس خطرہ‘‘قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ وزیردفاع نے نیتن یاہو کی لیکود پارٹی کے کچھ ساتھی ارکان کی حمایت حاصل کرلی تھی،لیکن انتہائی دائیں بازو کے دیگرارکان نے ان سے وزارت چھوڑنے کامطالبہ کیا تھا۔