(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس رہنما نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد چین اور فلسطین کے درمیان مسافت کو کم کرنا ہے، حماس چین اور فلسطین کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی حمایت کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے بیرون ملک امور کے نائب سربراہ موسیٰ ابو مرزوق کی جانب سے ترکی کے شہراستنبول میں ’قضیہ فلسطین اور چین‘ کےعنوان سے منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں خطاب میں کہا گیا کہ چینی اور فلسطینی قوم کے تاریخی روابط اور تعلقات آج بھی موجود ہیں اور حماس چین اور فلسطین کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی حمایت کرتی ہے۔
ابو مرزوق نے کانفرنس میں شامل ایشیا اور مشرق وسطیٰ فورم، بین الاقوامی گروپ، عوامی جمہوریہ چین کی مندوبین سمیت عرب اور ایشیائی ممالک کے دانشوروں کے درمیان خطاب میں کہا کہ فلسطینی عوام کے ذہنوں میں چین کے حوالے سے مثبت خیالات ہیں چین نے فلسطینی قوم کے حقوق اور ان کی آزادی کی جدو جہد کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین قضیہ فلسطین کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔