کراچی(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ولادت با سعادت پیغمبر گرامی حضرت محمد مصطفی (ص) کے موقع پر جشن عید میلاد النبی (ص) اور ہفتہ انتفاضہ فلسطین کی مناسبت سے ملک بھر میں فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے صیہونی مظالم کو آشکار کرنے کے لئے تصویری نمائشوں کا اہتمام کیا گیا اور کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں کیمپ آویزاں کئے گئے
ہفتہ انتفاضہ فلسطین و جشن عید میلاد النبی (ص) کے موقع پرکراچی میں مرکزی جلوس کے راستے میں خداداد چورنگی پر تصویری نمائش اور شرکائے جلوس کے لئے ٹھنڈےپانی اور شربت کی سبیل کا اہتمام کیا گیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت منعقدہ تصویری نمائش و سبیل پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطینی عوام پر ہونے والے صیہونی مظالم اور فلسطینی عوام کی جدوجہد سے متعلق تصویری نمائش کا مشاہدہ کیا۔
تصویری نمائش میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں بشمول مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی نے اپنے وفد علامہ مختار امامی، سید علی حسین نقوی کے ہمراہ شرکت کی اور شرکائے جلوس کو ٹھنڈے پانی اور شربت سے تواضع بھی کی۔
اسلامی نظریاتی کونسل سے تعلق رکھنے والے مفتی عبد المجید، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی ،خواتین رہنما عمر بٹ، خالدہ اقبال، سکھ رہنما مگھن سنگھ، مسیحی رہنما جمیل مسیح سمیت دیگر نے شرکت کی اور عید میلاد النبی (ص) کے جلوس میں شریک شہریوں کو ٹھنڈا پانی اور شربت پیش کیا۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے مہمانوں کا استقبال کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔