(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) داہیہ میں اسرائیل کے رہائشی عمارتوں پر حملے میں حسن نصر اللّٰہ کی بیٹی زینب نصر اللّٰہ سمیت حزب اللّٰہ کے میزائل یونٹ کے سربراہ محمد علی اسماعیل اور ان کے نائب حسین احمد اسماعیل شہید ہوگئے ہیں۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج نے جمعہ کے روز لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں چھ رہائشی عمارات کو 2000 ٹن سے زائد وزن کے میزائلوں سے نشانہ بنایا جس کے نیتجے میں عمارات ملبے کا ڈھیر بن گئی جس میں خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں شہری شہید ہوگئے۔
صیہونی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی بیٹی زینب نصراللہ سمیت حزب اللہ کے 3 انتہائی اہم رہنما جن میں حزب اللّٰہ کے میزائل یونٹ کے سربراہ محمد علی اسماعیل اور ان کے نائب حسین احمد اسماعیل شہید ہوگئے ہیں۔
حزب اللہ یا لبنانی حکام نے صیہونی میڈیا کے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے تاہم غاصب صیہونی فوج کی جانب سے بیروت کی رہائشی عمارتوں کے تہہ خانوں میں اسلحہ اور گولا بارود کی موجودگی کے دعوے کی تردید کی ہے۔
یروت پر گزشتہ روز غاصب صیہونی افواج کے حملے میں 8 افراد شہید اور 91 زخمی ہوئے ہیں جبکہ 6 عمارتیں تباہ ہوئی تھیں۔
اسرائیلی حملوں میں لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جس کے جواب میں حزب اللّٰہ کی جانب سے اسرائیل پر درجنوں راکٹ داغے گئے جس سے غیر قانونی صیہونی ریاست کے متعدد مقامات پر آگ لگ گئی اور 10 سے زائد صیہونی آبادکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملیں۔
اسرائیل کے شہر تل ابیب میں حملوں کا الرٹ جاری کردیا گیا۔ فضائی دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور شیلٹرز کھول دیے گئے ہیں۔