مقبوضہ بیت المقدس – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی قومی کمیٹی برائے بائیکاٹ اسرائیل ’بی ڈی ایس‘ نے مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیلی سرپرستی میں منعقد ہونے والے ایک نارملائزیشن فورم میں بعض فلسطینی افراد اور فلسطینی کمپنیوں کے نمائندوں کی شرکت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
’بی ڈی ایس‘ نے پیر کی شام جاری کردہ صحافتی بیانات میں کہا کہ بعض فلسطینیوں اور فلسطینی اداروں کی جانب سے سائنسی تحقیق اور صحت کی ٹیکنالوجی میں جدت کے عنوان سے منعقد ہونے والے فورم جے انوویٹ میں شرکت انتہائی قابل مذمت ہے۔ یہ فورم آج مقبوضہ بیت المقدس میں منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں اسرائیلی شرکاء بھی شامل ہوں گے اور اسے قابض اسرائیل کے سرکاری اداروں کی سرپرستی حاصل ہے۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ ایسے وقت میں جب دنیا بھر کے آزاد لوگ قابض اسرائیل کے خلاف بائیکاٹ کی مہمات میں شدت لا رہے ہیں فلسطینیوں کی جانب سے دوستانہ کانفرنسوں میں شرکت کسی صورت قابل قبول نہیں۔
بی ڈی ایس نے زور دے کر کہا کہ اس قسم کی نارملائزیشن اس وقت سامنے آ رہی ہے جب قابض اسرائیل ٹیکنالوجی کو فلسطینی عوام کے خلاف اپنے جرائم کے لیے استعمال کر رہا ہے جن میں ہسپتالوں کو نشانہ بنانا اور پورے طبی نظام کو تباہ کرنا شامل ہے۔ یہ سب قابض صہیونی ریاست کی سفاکیت اور فلسطینی عوام کی نسل کشی کی پالیسی کا کھلا ثبوت ہے۔
کمیٹی نے فورم میں شریک تمام افراد سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس فورم سے دستبردار ہوں اور اس کا مکمل بائیکاٹ کریں تاکہ مقبوضہ بیت المقدس کے مقام و وقار کا تحفظ کیا جا سکے اور قومی مفاد کو ترجیح دی جا سکے۔
بی ڈی ایس نے واضح کیا کہ یہ مؤقف اس مسلسل مہم کا حصہ ہے جس کے تحت تحریک بائیکاٹ اسرائیل بی ڈی ایس قابض اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کے تطبیعی روابط اور سرگرمیوں کی مخالفت کر رہی ہے۔