(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ٹور وینز لینڈ نے کہا ہےکہ اقوام متحدہ فلسطینی قومی اداروں کی مضبوطی کے لئے اپنی حمایت کی توثیق کی ہےاورمطالبہ کیا ہے کہ تمام فریقین پر امن رہتے ہوئے انتخابات کےحوالے سے تناؤ کو کم کرنے کے لئے اقدامات کریں اورانتخابی عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے حالات پیدا کریں۔
اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ ٹور وینز لینڈکی جانب سے گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین میں انتخابات ملتوی کرنے کے بعد تمام فریقین سے پر امن رہنے، تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تشدد سے باز رہنے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔
وینز لینڈ نے کہا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ 22 مئی کو ہونے والے قانون ساز کونسل کے انتخابات ملتوی کرنے کےاس فیصلے سے فلسطینی باشندوں کی مایوسی میں اضافہ ہوا ہے جنہوں نے تقریبا 16 سال کے بعد اپنے جمہوری حقوق کے استعمال کی خواہش کا واضح اظہار کیاتھا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مشرقی بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطین کے پورےعلاقےمیں شفاف اور جامع انتخابات کا انعقاد فلسطینی اداروں کے استحکام کی تجدید اور فلسطینی قومی اتحاد کو دوبارہ قائم کرنے کی راہ کھولنے کے لئے ضروری ہےاور انتخابات کے لیےجلد ہی ایک نئی تاریخ کا تعین فلسطینی عوام کو اس بات کا یقین دلانے کے لیےضروری ہے کہ ان کی آواز سنی گئی ہے۔
وینز لینڈ نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ فلسطینی قومی اداروں کی مضبوطی کے لئے اپنی حمایت کی توثیق کرتا ہےاورادارے کامطالبہ ہے کہ تمام فریقین پر امن رہیں ، تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تشدد سے باز رہیں ساتھ ہی انتخابات کے حوالے سے تناؤ کو کم کرنے کے لئے اقدامات کریں اورانتخابی عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے حالات پیدا کریں۔