(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم فلسطینی وزیر خارجہ کا ترکی میں انتظار کررہے ہیں، ان کی روانگی میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے بیان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فلسطین کی موجودہ سنگین صورت حال کے حوالے سے 20 مئی 2021 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا ہے جس میں شرکت کے لیے فلسطینی وزیر خارجہ کی روانگی میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ فلسطین کے معاملے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے وہ ترکی پہنچ گئے ہیں جہاں سے فلسطینی وزیر خارجہ اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ وہ نیو یارک روانہ ہونگےتاہم فلسطینی وزیر خارجہ کی روانگی میں تاخیر کے باعث شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے اور اب یہ وفدایک روز بعد روانہ ہوگا۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین سے ہم آنکھ نہیں چرا سکتے، وزیراعظم نے 21 تاریخ کو فلسطین سے اظہار یکجہتی کی کال دی ہے۔
واضح رہےکہ فلسطین پر اسرائیل کے بے رحمانہ حملوں اور 220 سے زائد فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد پیدا شدہ صورتِحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس 20 مئی کو طلب کرلیا گیا ہے۔