(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) امریکا کےسترہ سینیٹرز نے سیکریٹری خارجہ کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امریکا تل ابیب پر غزہ کی تعمیر نو کیلئے راستوں کو بحال کرنے کی اجازت دے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے امریکی سینیٹ کے 17 ارکان نے سیکریٹری خارجہ انتھونی بلینکن کو ایک مکتوب بھیجا ہےجس میں انھیں مقبوضہ فلسطین کےمحصور شہر غزہ میں صیہونی ریاستی دہشتگردی اور وحشیانہ بمباری سے ہونے والی تباہی کی تعمیر نو شروع کرنے کیلئے ضروری انسانی امداد اور مواد کے داخلے کی اجازت دینےسمیت صیہونی ریاست "اسرائیل” پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قانون سازوں نے بائیڈن انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ "تل ابیب” پر دباؤ ڈالیں کہ وہ غزہ کی پٹی میں عام شہریوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے امداد اور ایندھن لانے کے لیے راستے دوبارہ کھولیں۔
انہوں نے غزہ اور مغربی کنارے میں انسانیت مخالف اسرائیلی اقدامات روکنے اور فلسطینی پناہ گزینوں کی ذمہ دار ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’ یو این آر ڈبلیو اے‘ کی امداد اور کام کے لیے مختص رقم اسے فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔