(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) امریکی وزیر خارجہ نے ایران سمیت اپنے ملک اور اسرائیل کے لیے مشترکہ خطرات کا باعث بننے والے ممالک کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکا کے عزم کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
امریکی وزرات خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے نگراں وزیراعظم یائر لیپڈ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایران سمیت اپنے ملک اور اسرائیل کے لیے مشترکہ خطرات کا باعث بننے والے ممالک کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکا کی ہر ممکن مدد جاری رہے گی
یہ بھی پڑھیے
اسرائیلی وزیراعظم فرانس سے ایران اور حزب اللہ کی شکایات کریں گے
بیان میں بتایا گیا ہے کہا کہ سیکریٹری خارجہ نے تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیا اور کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان مفاہمت ضروری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بائیڈن مشرق وسطیٰ کے اپنے آئندہ دورے کے دوران اسرائیل کے ساتھ امریکی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے منتظر ہیں۔
سیکریٹری خارجہ نے واضح کیا کہ امریکا اسرائیلی اور فلسطینی حکام کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صحافیہ ابو عاقلہ کے اندوہناک قتل کی تحقیقات اور اس میں ملوث عناصر کا احتساب ضروری ہے۔
رواں ماہ کے وسط میں امریکی صدر مشرق وسطیٰ کے تین مقامات کے دورے پر جائیں گے جس کا اختتام سعودی عرب میں ہوگا، جہاں وہ خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے رہ نماؤں کے ساتھ ایک سربراہی اجلاس منعقد کریں گے جس میں مصر،اردن اور عراق بھی شرکت کریں گے۔