(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) امریکہ میں فلسطینی تنظیموں کی جانب سے کانگریس کی چیئرپرسن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ میں فلسطینیوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی مختلف تنظیموں اور جماعتوں کی جانب سے امریکی کانگریس کے چیئرپرسن نینسی پلوسی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس میں سلوان میں فلسطینیوں کے 16 گھروں کو مسمار کرنے سے قابض اسرائیل کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالیں ۔
تنظیموں کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یکجہتی کے کارکنوں نے امریکی حکومت اور کانگریس کے ارکان کے ساتھ ایک مواصلاتی مہم کے نفاذ اور سڑکوں پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اس مہم کا مقصد القدس میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری روکنے کے لیے صہیونی ریاست پر دباؤ ڈالنا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آج 15 اگست کو اسرائیل نےسلوان کی البستان کالونی میں فلسطینیوں کے 16 گھروں کو مسمار کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ تاہم اسرائیلی عدالت نے آج کی تاریخ تک مکانات مسماری روکنے کا حکم دے رکھا تھا۔بیان میں ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت سے فوری رابطے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ قابض ریاست پر دباؤ ڈال کر القدس میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کو روکا جاسکے۔