(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزارت خارجہ نےکہا کہ اسرائیلی حکام انتہا پسند مذہبی اسکولوں اور معمر ربیوں کے ذریعے خاص طور پرمغربی کنارے کی بستیوں کے آبادکاروں کو واضح اور کھلے انداز میں فلسطینیوں کےخلاف اکسا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ماہ صیام میں گذشتہ سال کی طرح ایک بار پھر صہیونی شرانگیزیوں کے نتیجے میں حالات کی خرابی کا اندیشہ ہے جس کے ذمہ دار صہیونی حکمران ہونگے جو بیانیہ طور پر امن و امان کی بات کر تے ہیں لیکن ان کا طریقہ کار تشدد کو بھڑکانے کا کا م کرتا ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیل خود نسل پرستانہ قبضے کی پالیسی پرعمل پیرا ہےاور فلسطینیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر اپنی جارحیت جاری رکھے ہوئے ہےجبکہ انتہا پسند مذہبی اسکولوں اور معمر ربیوں کے ذریعے خاص طور پر مقبوضہ مغربی کنارے کی بستیوں کے آبادکاروں کو واضح اور کھلے انداز میں فلسطینیوں کےقتل و غارت کیلیے اکسایا جا رہا ہےجس کے نتائج خطرناک ہونگے۔