(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حلب کے ہوائی اڈے پر چھ مہینوں میں صہیونی ریاست اسرائیل کا یہ تیسرا حملہ ہے۔
ملک شام کی وزارت دفاع کی جانب سے گذشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے شام کے تاریخی شہر حلب کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی گئی ہے۔فضائی حملے میں ایئر پورٹ کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
وزارت دفاع کے بیان کے مطابق، صہیونی فوج نے صبح 3:55 بجے ساحلی شہر لطاکیہ کے مغرب میں بحیرہ روم سے کئی میزائل بھی داغے۔
واضح رہے کہ حلب کے ہوائی اڈے پر گذشتہ چھ مہینوں کے دوران یہ اسرائیل کا تیسرا حملہ ہے۔اسرائیل برسوں سے شام میں ایران کے حمایت یافتہ اہداف کے خلاف حملے کر رہا ہے، جہاں 2011 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی میں صدر بشار الاسد کی حمایت کے بعد سے ایران کا اثر و رسوخ بڑھ گیا ہے۔