(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے نا م نہاد امن و امان کو برقرار رکھنے کے نام پر یومیہ کم سے کم 100 فلسطینیوں کی گرفتاری کی منظم مہم جاری رکھی ہوئی ہے جن میں سے 1700 پر مقدمات دائر کرکے قید میں ڈال دیا گیا ہے۔
عرب 48 کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صیہونی فوج اور پولیس نے مشترکہ طورپر مقبوضہ فلسطین کےمختلف علاقوں سے تین ہزار سے زائد فلسطینیوں کو گرفتارکیا، یہ گرفتاریاں اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے شیخ جراح میں فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے جبری بے دخل کرنے کے بعد ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے کی گئیں، اس دوران صیہونی سیکیورٹی فورسز نے فلسطینیوں کے خلاف تین سو سے زائد انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بھی کیں جس میں گھروں اور املاک کو نقصان پہنچانا اور ضبط کرنا جبکہ تجارتی اور معاشی ذرائع کو تباہ کرنا، کھیتوں باغوں اور پانی کے ذخیروں کو تباہ کرنے سمیت دیگر شامل ہیں۔
صیہونی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ انھوں نے نقص امن کے تحت کم سے کم 70 فلسطینیوں کو گرفتارکیا ہے جبکہ مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج نے گذشتہ ایک ماہ کے دوران کم سے کم 3000 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے جس میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد شامل ہے جبکہ سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنان سمیت صحافی بھی شامل ہیں۔