(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب فوج نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران فائرنگ کی جس سے فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز نے آج صبح مقبوضہ فلسطین کے شہر اریحا کے عقبیت جابر پناہ گزین کیمپ میں چھاپہ مار کارروائی کی ، فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی جس کے نتیجےمیں 23 سالہ فلسطینی نوجوان سليمان عايش شہید ہوگیا۔
فلسطینی مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ غاصب فورسز نے عقبیت جابر پر حملہ کیا اور متعدد فلسطینی نوجوانوں کو فائرنگ سے زخمی کیا اس دوران دو نوجوانوںکو اغوا بھی کیا گیا جبکہ اس ساری کارروائی میں سليمان عايش شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
صہیونی افواج کے جاری چھاپوں کے تحت، مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی خاندانوں کو دہشتگردی ، غیر قانونی حراست اور گرفتاریوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ صہیونی فورسز روزانہ کی بنیاد پر آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کررہی ہے جس سے فلسطینی بڑی تعداد میں زخمی اور شہید ہورہے ہیں۔
فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق غاصب صہیونی فوج نے مارچ 2023 میں 74 بچوں اور 9 خواتین سمیت 475 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔