(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )دو روز قبل اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں زخمی ہونے والا ایک بچہ زخموں کی تاب نہ لاتےہوئے دم توڑ گیا۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی ریاست کی دہشتگردی میں رواں سال 2023 کے آغاز سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہداء کی تعداد73 ہو گئی ہے جن میں نابلس اور جنین کی گورنریوں کے 45 شہداء بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں 14 سالہ ولید سعد داؤد نصار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاہے کہ ولید سعد داؤد نصار کو صیہونی فورسز نےدو دن قبل مقبوضہ بیت المقدس کے شہر جنین اس وقت فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا جب صیہونی فورسز نے سرچ آپریشن کے نام پر فلسطینیوں کے گھروں میں روایتی لوٹ مار جاری رکھی تھی جس کے خلاف فلسطینیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز سے صیہونی فورسز اور غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کے حملوں میں اب تک 14 بچوں اور 2 بزرگ خواتین سمیت 73 فلسطینی شہید کئےجاچکے ہیں۔جبکہ گذشتہ سال 2022 کے دوران 176 شہریوں کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔ ان میں 45 لڑکے اور لڑکیاں، 7 خواتین اور 4 بزرگ شہری شامل تھے۔ اس دوران زخمیوں کی تعداد 8,757 تک پہنچ گئی۔