(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )رواں سال حج کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے 7600 فلسطینی عازمین حج کی تیاریاں مکمل،جن میں سے 1000 عازمین حج سعودی حکومت کے خصوصی مہمان ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی وزارت برائے اوقاف اور مذہبی امور نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے 7600 فلسطینی عازمین حج حجاز مقدس روانگی کے لیے تیار ہیں۔
فلسطینی سیکرٹری برائے وزارت مذہبی امور حساب ابوالرب کا بیان میں کہنا تھا کہ 6600 عازمین حج جن کا تعلق فلسطین کے شمالی اور جنوبی شہروں سے تھا انکی حج رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے اور انکی روانگی کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں،جبکہ اس دفعہ 1000 عازمین حج سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر حج ادا کریں گے۔ان کا کہنا تھاکہ فلسطین کے تمام عازمین حج چھ اور سات اگست کو مکہ مکرمہ پہنچ جائیں گے۔
یادرہے کہ حج کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے سرزمین فلسطین سے ہر سال ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی شہری حجاز مقدس پہنچتے ہیں ۔ رواں سال حج کے موقع پراب تک دنیا بھر سے سولہ لاکھ عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔