(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطین پر جب بھی صہیونی جارحیت مسلط کی گئی تو پاکستان کے ناقابل تنسیخ مسلمہ موقف نے ہماری ڈھارس بندھائی۔
مقبوضہ فلسطین میں صہیونی ریاستی دہشتگردی کےخلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر پاکستانی قوم کے نام ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے ڈٹے ہوئے فلسطینی عوام اور ان کی نمائندہ اسلامی تحریک مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سےبرادر ملک پاکستان کو یوم آزادی کے موقع پر نیک خواہشات اور مبارک باد پیش کرتےہوئےانتہائی مسرت ہورہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
غزہ پر اسرائیلی دہشتگردی: اقوام متحدہ کے حکام کا اسماعیل ھنیہ کو ٹیلی فون
انھوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر ہم فلسطینیوں کےحق کی حمایت میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں تاسیس مملکت کے وقت سے اپنائے گئے تاریخی موقف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس میں انھوں نے امن، القدس اور مبارک مسجد اقصیٰ سےمتعلق پاکستان کے مسلم عوام کے حقیقی نقطہ نظر کی ترجمانی کی ۔القدس اور مسجد اقصیٰ کے خلاف صہیونی جارحیت کے ہر موقع پر اس نقطہ نظر کا اعادہ دیکھنےمیں آیا۔
انھوں نے کہا کہ جب بھی غزہ کے خلاف صہیونی جارحیت اور محاصرے کی سختیاں مسلط کی گئیں تو مبارک ارض فلسطین اور امت کےحوالے سے پاکستان کے ناقابل تنسیخ مسلمہ موقف نے ہماری ڈھارس بندھائی۔
اسماعیل ھنیہ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر مملکت پاکستان، حکومت، عوام اور ان کی نمائندہ پارلیمنٹ کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی مزید ترقی، استحکام، علاقائی اور عالمی معاملات میں باالخصوص امت اور سب سے بڑھ کر ارض فسلطین، اس کے مقدسات اور شناخت کے تحفظ کے لئے پاکستان کے موثر کردار کا متمنی ہوں۔