(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صہیونی فوج کے مظالم کے خلاف برسرپیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے اعلی سطحی وفد نے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری کی سربراہی میں ایران کے شہر تہران میں ایرانی اسٹرٹیجک کونسل کے چیئر مین کمال خرازی سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات کے موقع پر حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروی کا کہنا تھا کہ حماس اپنے اوپر تمام قسم کی مالی، سیاسی اور فوجی پابندیوں کے باوجود ‘صدی کی ڈیل’ نامی امریکی سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ فلسطینی اور حماس امریکا کے سازشی منصوبے کو کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔
انہوں نے گزشتہ ماہ امریکی سرپرستی میں بحرین کے شہر منامہ میں منعقد ہونے والی نام نہاد اقتصادی کانفرنس کے بارے میں کہا کہ سنچری ڈیل کا امریکی مقصد صہیونی ریاست کے مفادات کا تحفظ اور خطے کے اپنے اتحادیوں کی معاونت کرنا ہے۔ یہ سازش فلسطینی قوم کے حقوق کی قیمت پر آگے بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر فلسطینی اپنے حقوق پر کسی بھی صورت کوئی سودے بازی قبول نہیں کریں گے۔
حماس کے نائب صدر نے ایرانی ریاست اورحماس میں باہمی اتفاق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی ریاست اور دیگر ظالم قوتوں کے خلاف حماس اور ایران کا نقطہ نظر یکساں ہے اور دونوں خداوند کے وعدوں پر ایمان رکھتے ہیں۔
ملاقات میں حماس کے وفد اور ایرانی عہدیداران کے مابین مسئلہ فلسطین اور اسکے حل کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
حماس کے وفد نے ایرانی قیادت کو یقین دلایا کہ حماس ہرطرح کے حالات، چیلنجز اور دبائو کا مقابلہ کرتے ہوئے فلسطینی قوم کے حقوق دبانے کی سازشوں کا مقابلہ کرے گی۔