(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطینی نائب صدر محمود العالول نے ان تمام افواہوں کی تردید کی ہے جن کے مطابق مصر کا کوئی سیکورٹی وفد آج یا جمعہ کے روز رام اللہ کے دورے پر پہنچے گا۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین نائب صدر محمود العالول نے مصری وفد کی رام اللہ آمد کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے ایک مقامی ریڈیو وائس آف فلسطین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے روابط مکمل طور پر منجمد ہیں اور ان میں ابھی تک کوئی تازہ پیش رفت نہیں ہوئی۔انہوں نے میڈیا میں چلنے والی ان تمام خبروں کی بھی تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ فلسطین اتھارٹی کا ایک وفد امریکہ کے دورے پر روانہ ہونے والا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سے عربی میڈیا میں یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ایک مصری وفد رام اللہ کا دورہ کرنے والا ہے جس میں وہ فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کرے گا اور امریکہ سے تعلقات کی ازسرنو بحالی کے لیے مذاکرات کار کا کردار ادا رکرے گا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے امریکہ حکومت سے تعلقات مکمل طور پر منقطع کیے ہوئے ہیں اور فلسطینی اتھارٹی اس اصولی موقف پر قائم ہے کہ جب تک امریکہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیتا اور وہاں سے اپنا سفارت خانہ ختم نہیں کرتا۔تب تک فلسطین امریکہ سے کسی بھی صورت تعلقات بحال نہیں کرے گا۔