(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )امریکہ انتظامیہ کی جانب سے اس سال ستمبر میں ہونے والے اسرائیلی الیکشن سے قبل امن عمل کا سیاسی حصہ پیش کرنے کا امکان۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ کے خصوصی امن ایلچی برائے مشرق وسطی جیسن گرین بیلٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازعہ کے حل کے لیے حال ہی میں پیش کیے جانے والے امن عمل کا دوسرا اور سیاسی حصہ اس سال ستمبر میں ہونے والے اسرائیلی الیکشن سے قبل پیش کر دیا جائےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ نے تا حال سیاسی منصوبے کو پیش کرنے کی تاریخ کا فیصلہ نہیں کیا تاہم ہماری نظریں آئندہ ہونے والے اسرائیلی الیکشن پر ہیں اور ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ یہ منصوبہ نئی حکومت کے سامنے رکھا جائے یا موجودہ حکومت سے اس پر بات چیت کی جائے۔
انہوں نے کہا کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہی حتمی فیصلہ کریں گے کہ کب تک اس پلان کی منظوری کا اعلان کرنا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی ایلچی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ دنوں فلسطینی قیادت نے یہ بیان دیا تھا کہ امریکی انتظامیہ سے اس وقت تک تعلقات کی بحالی ممکن نہیں جب تک وہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور وہاں اپنا سفارت خانہ قائم کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیتا۔