(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبررساں ادارہ )اسلامی تنظیم برائے تعلیم،سائنس اور ثقافت نےقابض صہیونی ریاست کی جانب سے مسجد اقصی کے اطراف میں نئی سرنگ کھودے جانے کی شدید مذمت کردی۔
تنظیم کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا مسجد اقصی کے نواح میں بیت المقدس کو سلون ٹاون سے ملانے کے لیے سرنگ کھودنے کا آغاز کرنا ایک افسوسناک عمل ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ صہیونی ریاست کا یہ عمل عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ،جب کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں واضح طور پر درج ہے کہ مسلمانوں ،عیسائیوں سمیت تمام مذاہب کے مقدس مقامات کی بھر پور طریقے سے حفاظت کرنا تمام ممالک پر لازم ہے۔ اور بیت المقدس میں واقع مذہبی مقامات کے بارے میں یو این واضح طور پر احکامات جاری کر چکا ہے۔
تنظیم کی جانب سے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل کے تاریخی مقامات کو تباہ کرنے جیسے جرم کی شدید مزمت کرے۔کیوں کہ نہ صرف یہ ایک مذہبی معاملہ ہے بلکہ تاریخی ورثے کو بھی نقصان پہنچنے سے بچانا عالمی برادری کا فرض ہے۔
بیان کے آخر میں ترجمان کی جانب سے یہ عزم دہرایا گیا کہ تنظیم تعلیم،سائنس اور ثقافت کے شعبہ جات میں فلسطینی عوام کی بھر پور مدد جاری رکھے گی۔