(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی قوم دنیا بھر میں اپنی بہادری،ولولہ انگیزی،مصائب برداشت کرنے کی خداداد صلاحیت رکھنےکی وجہ سے دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے۔فلسطینی لوگ جہاں بھی ہوں ،اپنے ان اوصاف کی وجہ سے جلد ہی باقی اقوام کی توجہ جلد اپنی طرف مبذول کروالیتے ہیں۔
باقی ممالک کی طرح ملائیشیا کے عوام بھی فلسطینی عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،اور اکثر ملائشین عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کے لیے محبت اور یکجہتی کے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔بلخصوص اکثر و بیشتر ان مناظر کا اظہار عیدالفطر کے موقع پر ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کی مختلف فلاحی تنظیموں کے زیراہتمام ہر سال کی طرح اس دفعہ بھی عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔لیکن اس دفعہ بہت کچھ منفرد تھا کیوں کہ اس عید ملن پارٹی کے لیے ‘بیت المقدس اوپن’ کا عنوان دیا گیا جس میں ملا ئیشیا میں رہنے والےفلسطینی خاندانوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
کوالالمپور میں ہونے والی اس منفرد عید ملن پارٹی میں ملائیشین اور فلسطینی دونوں ممالک کے خاندانوں نے شرکت کی ۔
اس عید ملن پارٹی کی انفرادیت یہ تھی کہ اس میں فلسطینیوں کے ہاں روایتی طور پر پسندیدہ پکوان جیسا کہ الحمص، التبولہ، المقلوبہ اور ورق العنب پیش کیے گئے۔ اس کے علاوہ خصوصی طور پر الکنافہ اور عید کیک بھی عید ملن پارٹی میں پیش کیے گئے۔
عید ملن پارٹی کے ترجمان ڈاکٹر شریف ابو شمالہ کا کہنا تھا کہ عید ملن پارٹی میں فلسطینی اور ملائیشین کارکنوں نے شرکت سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات اور محبتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔پارٹی میں ملائیشیا میں مقیم فلسطینیوں کے علاوہ دوسرے ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔