(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی افواج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر درجنوں فضائی حملے کیے ہیں، جب کہ مارچ سے اشیائے خور و نوش کی ترسیل پر مکمل پابندی کے نتیجے میں غزہ شدید بھوک اور قحط کا شکار ہو چکا ہے۔
غیر قانونی صیہونی افواج نے جنوبی غزہ کے شہر رفح میں متعدد رہائشی عمارتوں کو بمباری سے تباہ کر دیا، جبکہ غزہ شہر کے وسطی علاقے "شارع الوحیدہ” کی مارکیٹ پر کیے گئے حملے میں زخمی ہونے والا نوجوان محمد غازی الیازجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔ اسی حملے میں دو سگے بھائی محمد اور سعید فرج الصفطاوی بھی جام شہادت نوش کر گئے۔
خانیونس کے شمال مشرقی علاقے القرارہ میں غیر قانونی صیہونی طیاروں کی جانب سے بے گھر افراد کی خیمہ بستی پر بمباری کے نتیجے میں چار شہری زخمی ہوئے۔ غزہ شہر کے مغربی علاقے حي النصر میں ایک مکان پر ہیلی کاپٹر حملے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
شہر کے مشرقی علاقوں، حي التفاح، النصیرات کیمپ، خانیونس کے مشرق اور جنوب میں شدید گولہ باری کی گئی۔ شجاعیہ اور الزيتون کے علاقوں میں بھی شدید فائرنگ اور بمباری کی گئی، جبکہ خانیونس کے مشرق میں مزید فضائی حملے جاری ہیں۔
النصیرات کیمپ میں ابو عجوہ خاندان کے گھر پر بمباری کے نتیجے میں پانچ شہری زخمی ہوئے۔ شمالی غزہ کے شہر بیت لاہیا میں ریان خاندان کے گھر پر کیے گئے فضائی حملے میں پانچ افراد شہید ہوئے، جب کہ تل الربيع اسکول کے قریب اسی خاندان کے ایک اور گھر کو نشانہ بنایا گیا جس سے مزید کئی افراد شہید و زخمی ہوئے۔
برکہ الشیخ رضوان کے قریب نازحین کی خیمہ بستی پر ہیلی کاپٹر حملے میں دو شہری شہید ہو گئے، اور خانیونس کے مشرقی علاقے عبسان میں ایک معصوم بچی ألما محمد علی ابو طیر اسرائیلی بمباری میں شہید ہو گئی۔
البریج کیمپ میں واقع ابو ہميسه اسکول سے سول ڈیفنس کی ٹیم نے مزید چار شہداء کی لاشیں نکالیں، جس سے اس اسکول میں شہید ہونے والوں کی تعداد 33 ہو گئی ہے۔ عبسان جدیدہ پر حملے میں ایک اور شہری شہید جبکہ کئی زخمی ہوئے۔
بیت لاہیا میں ایک تباہ شدہ مکان سے لاشیں نکالنے کے دوران ایک سول ڈیفنس اہلکار بھی زخمی ہو گیا۔
فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق، بدھ کے روز غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے حملوں میں 114 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 106 افراد شہید اور 367 زخمی ہوئے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ 18 مارچ 2025 سے اب تک 2,545 شہری شہید اور 6,856 زخمی ہو چکے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی مجموعی تعداد 52,653 جبکہ زخمیوں کی تعداد 118,897 تک پہنچ چکی ہے۔
وزارت صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق، اب تک کل شہداء کی تعداد 52,760 اور زخمیوں کی تعداد 119,264 ہو چکی ہے، جن میں صرف 18 مارچ سے اب تک 2,651 شہداء اور 7,223 زخمی شامل ہیں۔