(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی ریاست کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں پیش پیش رہنے اور مشہور باراک حملے کے الزام میں29 بار عمر قید اور 20 سال اضافی قید کی سزا کاٹنےو الے فلسطینی نے اسرائیلی جیل میں گریجوایشن کی ڈگری حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بیت المقد س کے علاقے طولکرم کے رہائشی 40 سالہ معمر فتحی شریف ابو الشیخ شحرور نے اسرائیلی جیلوں میں نا مساعد اور مشکل حالات کے باوجود غزہ میں قائم الامہ اوپن یونیورسٹی سے سیاسیات اور ابلاغیات کے مضامین میں گریجوایشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔
معمر فتحی شریف ابو الشیخ شحرور نے قید کے دوران اوپن یونیورسٹی میں داخلہ لیا اور اعلیٰ نمبروں سے کامیاب ہوئے۔
واضح رہے کہ فتحی شحرور کو اسرائیلی فوج نے 9 مئی 2002ء کو طویل تعاقب کے بعد گرفتارکیا تھا ان پر اسرائیلی ریاست کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں پیش پیش رہنے اور مشہور باراک حملے کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا۔
ان مقدمات میں انہیں اسرائیلی عدالت کی طرف سے 29 بار عمر قید اور 20 سال اضافی قید کی سزا سنائی گئی۔گرفتاری کے بعد شحرور کو اسرائیلی فوج نے چار ماہ تک مختلف عقوبت خانوں میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔