(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) رفح میں گذشتہ رات غاصب کے قتل عام میں 45 فلسطینی شہید ہوئے جن میں 23 خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں اور 249 زخمی ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر تقریبا آٹھ ماہ سے جاری قتل عام اور دہشتگردی کی تازہ تفصیلات جاری کی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی افواج نے غزہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نہتےفلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت مزید 66 فلسطینی شہید اور 383 زخمی ہو گئے۔
وزارت نے ایک پریس بیان میں تصدیق کی کہ رفح میں گذشتہ رات غاصب کے قتل عام میں 45 فلسطینی شہید ہوئے جن میں 23 خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں اور 249 زخمی ہوئے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ متعدد متاثرین اب بھی ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر بے گور و کفن موجود ہیں اور صیہونی افواج ایمبولینس اور شہری دفاع کے عملے کو ان تک پہنچنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ "گذشتہ سات اکتوبر سے اب تک اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 36,050 شہری شہید اور 81,026 زخمی ہو چکے ہیں”۔