یمن سے غاصب ریاست پر میزائل حملے، صہیونیوں میں خوف کی لہر
یمن کی جانب سے یہ جوابی اقدام فلسطین خصوصاً غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو مسلسل قابض اسرائیل کی درندگی کا سامنا کر رہے ہیں۔
(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) آج پیر کی صبح قابض اسرائیل کی فوج نے تصدیق کی ہے کہ یمن سے دو میزائل اس کی جانب داغے گئے۔
جیسے ہی میزائلوں کی روانگی کی اطلاع ملی قابض اسرائیلی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے۔ کئی علاقوں میں شہری پناہ گاہوں کی طرف دوڑ پڑے اور فضا میں خوف کی گھٹائیں چھا گئیں۔
یمنی مزاحمتی تحریک انصار اللہ کی میڈیا کمیٹی کے نائب سربراہ نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ تنہا نہیں اور یمن اپنے زخموں پر خاموش نہیں بیٹھتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی دشمن کو پناہ گاہوں کا رخ کرنا ہوگا کیونکہ جو غزہ اور یمن پر حملے کرے گا وہ چین کی نیند نہیں سو سکے گا۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ شب قابض اسرائیل نے یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں متعدد اہداف پر فضائی حملے کیےجن میں بندرگاہیں اور توانائی کے مراکز بھی شامل تھے۔
یمن کی جانب سے یہ جوابی اقدام فلسطین خصوصاً غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو مسلسل قابض اسرائیل کی درندگی کا سامنا کر رہے ہیں۔