رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)اسرائیل کی فوجی عدالت نے مقبوضہ مغربی کنارے کے ایک 15 سالہ فلسطینی بچے عبدالجابر ياسين کو چار ماہ قید اورتین ہزار شیکل جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے۔روزنامہ قدس کے مطابق عبدالجابر یاسین پر اسرائیلی فوجی عدالت میں سنگ باری کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا۔غرب اردن کے شمالی شہر نابلس کے عصیرہ قصبے سے تعلق رکھنے والے عبدالجبار یاسین کو کچھ عرصہ قبل اسرائیلی فوج نے حراست میں لیا تھا۔ یاسین کی گرفتاری تین مئی کو عمل میں لائی گئی تھی۔ گرفتاری کے وقت اور اس کے بعد قابض فوجیوں نے اسے بے رحمی کے ساتھ جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔