(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی محصور شہر غزہ پر دہشتگردی جاری ہے، جس کے نتیجے میں وزارت صحت کے مطابق 8 مارچ 2025 سے اب تک 855 فلسطینی شہید اور 1,869 زخمی ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 مزید شہید اور 82 زخمیوں کو اسپتالوں میں لایا گیا۔
وزارت صحت نے یہ بھی تصدیق کی کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جارحیت سے 7 اکتوبر 2023 سے اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 50,208 ہو چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 113,910 تک پہنچ چکی ہے۔ متعدد متاثرین اب بھی ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر پڑے ہیں، جہاں ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک پہنچنے میں ناکام ہے۔
غزہ پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی مختلف فضائی حملوں میں کئی شہید اور زخمی ہوئے۔ المیادین کے مطابق ایک فضائی حملہ غزہ شہر کے شمال مغرب میں واقع احمد یاسین روڈ پر ایک گھر پر کیا گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ایک اور حملے میں تل الہوا کے علاقے میں ایک نوجوان کو غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے گولی مار کر شہید کر دیا۔ مزید برآں، خان یونس کے مشرق میں عبسان الکبیرہ پر دو فضائی حملے کیے گئے۔
فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ پانچ دن سے ان کے 9 عملے کے افراد کا مصیر نامعلوم ہے، جنہیں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے رفح میں محاصرے میں لے کر نشانہ بنایا تھا۔ ہلال احمر نے اس کی ذمہ داری غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل پر عائد کی ہے۔
حماس نے اپنے ترجمان ڈاکٹر عبداللطیف القانوع کی شہادت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ کے شمالی علاقے جبالیہ میں اپنے خیمے پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے براہ راست فضائی حملے کا نشانہ بنے اور شہید ہوگئے۔ حماس نے شہید القانوع کو اپنے عوام اور ان کے مقصد کے لیے ثابت قدم اور بے خوف رہنے والا ایک عظیم رہنما قرار دیا۔
غزہ میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مسلسل حملوں کے باوجود فلسطینی عوام اور مزاحمت کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔