(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ریاستی سرپرستی میں یہودی مذہبی جنونیوں کے قبلہ اول پر دھاوے جاری ، گزشتہ ایک ہفتے میں 350 سے زائد یہودی انتہاپسندوں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولے اور بے حرمتی کی۔
محکمہ اوقاف فلسطین کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 350 سے زائد شرپسند یہودی آبادکاروں اور مذہبی جنونیوں نے صیہونی فوج اور پولیس کے حفاظتی حصار میں قبلہ اول پر دھاوے بولے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام مسلمانوں کے مقدس مقامات کی بے حرمتی اور اشتعال انگیز نعرے بازی کی ۔
بیان میں بتایاگیا ہے کہ صیہونی فوج نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مسجد اقصیٰ میں پرتشدد کارروائیوں میں 2 خواتین سمیت کم سے کم 23 فلسطینی باشندوں کو گرفتارکیا جبکہ قبلہ اول میں نماز میں مصروف 4نمازیوں کو شدید زخمی کیا ۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ قبلہ اول کی بے حرمتی کرنے والے یہودی جنونیوں میں یہودی طلباء و طالبات سمیت مذہبی پیشوا اور صیہونی خفیہ ایجنسی کے درجنوں اہلکار بھی شامل تھے ۔