(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) یمنی مزاحمتی تحریک انصار اللہ (حوثی) گروپ نے جمعرات کی صبح غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے وسطی علاقے پر دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں صیہونی ریاست میں ہلچل مچ گئی، لاکھوں صیہونی آبادکار پناہ گاہوں کی طرف بھاگنے پر مجبور ہو گئے حملے کے باعث "بن گوریون” ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کردیا گیا اور پروازیں معطل ہو گئیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ "یمن سے داغے گئے میزائل کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔” بیان میں مزید کہا گیا کہ فضائیہ نے میزائل کو اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل کامیابی سے روک لیا۔
عبرانی نشریاتی ادارے کے مطابق، "جمعرات کی صبح تل ابیب، یروشلم، اللد، بات یام، جفعاتایم، ہرتزیلیا، حولون، جفعات شموئیل، مبسیرت زیون اور موديعين میں لاکھوں اسرائیلی خطرے کے سائرن کی آواز سے بیدار ہوئے۔”
رپورٹ کے مطابق، اس حملے کے باعث بن گوریون ایئرپورٹ کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل ہو گئیں، جس کے نتیجے میں کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق، پناہ گاہوں کی طرف دوڑنے کے دوران 13 افراد زخمی ہوئے، جبکہ تین افراد خوف کے باعث بے ہوش ہو گئے، تاہم کسی سنگین جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔