(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جارحیت کے دوبارہ آغاز اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو کسی صورت تنہاں نہیں چھوڑیں گے۔
کونسل نے نشاندہی کی کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جارحیت، امریکہ کی یمن پر جارحیت کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوام کو ہفتوں تک بھوکا رکھنے اور انہیں امداد سے محروم رکھنے کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس کا مقصد فلسطینی مذاکرات کار کو کمزور کرنا اور وہ سیاسی کامیابیاں حاصل کرنا ہے جو 15 ماہ سے جاری طوفان الأقصى کی جنگ کے دوران حاصل نہ ہو سکیں۔
سپریم پولیٹیکل کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو اس جنگ میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور غزہ کی ہر ممکن حمایت جاری رہے گی۔
کونسل نے دنیا بھر کے تمام حریت پسندوں سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ پر ہونے والی جارحیت کو مسترد کریں اور ہر ممکن طریقے سے فلسطینی عوام کا ساتھ دیں۔
حکومتِ تبدیلی و تعمیر: جہاد ہی واحد راستہ ہے
صنعاء میں حکومتِ تبدیلی و تعمیر نے اپنے بیان میں کہا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے فوجی کارروائیوں کا دوبارہ آغاز، بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
حکومت نے واضح کیا کہ ان حملوں کا دوبارہ آغاز اس بات کا ثبوت ہے کہ دشمن کے ساتھ امن محض ایک سراب ہے، اور صرف اللہ کی راہ میں جہاد ہی اس جارحیت کو روکنے اور حقوق کی بحالی کا واحد راستہ ہے۔
حکومت نے اس وحشیانہ جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے، غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل اور اس کے حامیوں کو ہر اس خون کے قطرے کا مکمل ذمہ دار ٹھہرایا جو غزہ میں بہایا جا رہا ہے۔ حکومت نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے دفاع اور مزاحمت کے حق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
مزید برآں، حکومت نے فلسطینی کاز کی حمایت میں یمن کی قیادت، حکومت اور عوام کے مستقل اور غیر متزلزل مؤقف کو دہرایا۔
انصار اللہ: یمنی مسلح افواج غزہ کی حمایت میں فوجی کارروائی جاری رکھیں گی
حزب انصار اللہ کے سیاسی دفتر نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری وحشیانہ جارحیت اور نئی ہولناک قتل و غارت کی شدید مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے جارحانہ اقدامات، جنگ بندی معاہدے کے ضامن اور ثالث ممالک کی ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں، جو صیہونی ہٹ دھرمی کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔
حزب نے یہ بھی نشاندہی کی کہ غزہ پر ہونے والے حالیہ حملے، یمن پر امریکی جارحیت کے ساتھ ہم آہنگ ہیں، جس کا مقصد امت مسلمہ پر ظلم و جبر کی نئی حکمتِ عملی مسلط کرنا اور ایک خطرناک حقیقت کو تسلیم کروانا ہے۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ یمنی مسلح افواج، غزہ اور فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں گی، یہاں تک کہ یہ جارحیت بند ہو اور غزہ کا محاصرہ ختم کر دیا جائے۔