(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )سال کے تین سو پینسٹھ دن مصائب اور آلام دیکھنے والے غزہ کے رہائشیوں کے چہرے پر امتحانی نتائج نے مسکراہٹ بکھیر دی۔ ہائی اسکول کا نتیجہ آنے پر غزہ کے شہریوں کا جشن۔فضاؤں میں پٹاخے چلا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق غزہ کے شہریوں کا شمار ان بدنصیب لوگوں میں ہوتا ہے جو ہر وقت مصائب اور تکلیفوں کے شکنجے میں رہتے ہیں، قابض اسرائیلی فوج نے ان کی زندگیوں کو اپنے برپا کردہ مظالم سے جہنم بنا رکھاہے،ایسے میں کوئی معمولی سی خوشی بھی انکو بے انتہا غیر معمولی سکون دیتی ہے۔حال ہی میں غزہ کے ہائی اسکول کے نتائج کا اعلان ہوا جس میں متعدد فلسطینی بچوں نے پوزیشنز حاصل کیں۔
نتائج موصول ہوتے ہی غزہ کے نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور جشن برپا کردیا،اپنی خوشی کا اظہار کرنے کےلیے نوجوانوں نے فضا میں پٹاخے چھوڑ کر آسمان سرخ کردیا۔
یاد رہے کہ حماس کی وزارت داخلہ نے غزہ کے شہریوں کو پیشگی خبردار کر دیا تھا کے پٹاخے چلانے سے اجتناب کیا جائے اور اگر کوئی اس عمل میں ملوث پایا گیا تو اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا تاہم نوجوانوں نے اپنی خوشی منانے کے لیے اس وارننگ کو بھی نظر انداز کر دیا اور دن بھر غزہ کی سڑکوں پر جشن مناتے رہے۔