(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی وزارت صحت نے فلسطین کے مختلف شہروں میں کورونا سے متاثرین ایسے افراد جو اپنے گھروں میں قرنطینہ کی مدت گزار رہے ہیں ان کے معائنے اور علاج کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
فلسطینی وزیر صحت می الکیلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی وزارت صحت نے مقبوضہ فلسطین کےمختلف شہروں میں ان باشندوں کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو کورونا سے متاثر ہونے کیلئے اپنے گھروں میں قرنطینہ کی مدت مکمل کررہے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ان ٹیموں کی تشکیل کا بنیادی مقصد کورونا متاثرین کا علاج معالجہ کے ساتھ ان کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال کے تحت فوری طبی امداد کی فراہمی ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں کورونا وائرس کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کےد وران 24 افرادمہلک وائرس کا شکار ہونے کے بعد جاں بحق ہوگئے ہیں اور چار ہزار سے زائد نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔