(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی فوج نے گزشتہ سال 2019 میں مقبوضہ فلسطین میں سنگین جنگی جرائم کا ارتکاب کرتے ہوئے 27 فلسطینی بچوں کوشہید کیا۔
مقبوضہ فلسطین میں مرکز برائے انسانی حقوق کی ‘تنظیم’المیزان” کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صیہونی فوج نے گزشتہ سال 2019ء کے دوران مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور جنگی جرائم کرتے ہوئے ریاستی دہشت گردی میں کم سے کم 27 فلسطینی بچوں کو شہید کیا ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں فلسطینی بچوں اور عام آبادی کے خلاف طاقت کے وحشیانہ حربے استعمال کرتی ہے۔ غزہ میں ماہی گیروں، کسانوں، ریت بجری جمع کرنے والے مزدوروں اور دیگر کام جاج کرنے والوں کو بھی براہ راست حملوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ برس اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 35 فلسطینی بچوں کو حراست میں لیا۔غزہ کی پٹی پراسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں 32 فلسطینی اسکولوں کو تباہ یا انہیں جزوی طورپر نقصان پہنچایا گیا۔