(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزیراعظم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء ہمارے قابو میں اور یہ آخری مراحل میں ہے تاہم احتیاط لازم ہے ہم متحمل نہیں ہوسکتے کہ یہ وباء قابو سے باہر ہو اس لئے احتیاطی تدابیر مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔
آج شام فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتیہ نے رام اللہ میں کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے اقدمات کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں اور ہم وائرس کے مقابلے کے آخری مراحل میں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ فلسطین میں صحت کی صورت حال مستحکم ہے، کورونا وائرس میں مبتلا افراد میں صحتیابی کی شرح 77 فیصد تک ہے جبکہ کوئی بھی مریض تشویشناک حالت میں نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ وبائی مرض کورونا وائرس سےنمٹنے کیلئے قائم کردہ ہنگامی کمیٹی، سیکیورٹی کمیٹی اور کابینہ کے اراکین پر مشتمل کمیٹی عید کی چھٹیوں کے حوالے سے فیصلے کا اعلان آئندہ ہفتے میں کرے گی۔