(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی حکام کی طرف سے مقبوضہ فلسطین اور قابض ریاست اسرائیل میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں روزانہ ہونے والے اضافے کے نام پر مسجد اقصیٰ کے دروازوں کو بند کردیا ہے ، گزشتہ روز صیہونی فوج کی بھاری نفری نے مسجد اقصیٰ کا گھیراؤکیا اور صرف باب حطہ، باب السلسلہ اور باب المجلس کے علاوہ دیگر تمام 12 دروازوں کو بند کردیا۔
مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن نے تصدیق کی ہے کہ صحت کے نئے مسائل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نئے اسرائیلی اقدامات کا مقصد مسجد اقصیٰ میں فلسطینی عبادت گزاروں کی تعداد کو کم کرنا ہے، مسجد اقصیٰ کے دروازوں کی بندش میں وہ دروازے شامل نہیں ہیں جنھیں اسرائیلی آبادکار مسجد اقصیٰ میں اپنے یومیہ چھاپوں کے دوران استعمال کرتے ہیں۔
مقامی ذرائع نے کہا کہ صرف تین دروازے حتا ، المجلس ، اور السلسلہ کھلے رکھے گئے۔اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا کہ دروازوں کو کورونا وائرس سے بچاو کے لیے بند کیا گیا۔
واضح رہے کہ قابض صیہونی حکام نے مسجد اقصی ٰ کے باب مراکشی کو پہلے ہی یہودی آباد کاروں اور سیاحوں کے لیے مختص کیا ہوا ہے اور اس دروازے کو فلسطینی استعمال نہیں کرسکتے۔