(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امریکہ کی سرپرستی میں گزشتہ دنوں بحرین کے شہرمنامہ میں منعقد ہونے والی نام نہاد ڈیل آف سنچری کانفرنس کو جہاں ایک طرف دنیا بھر میں مزاحمت کا سامنا ہے اور تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ میں جہاں اس ناپاک منصوبے کے خلاف بات کی جا رہی ہے،وہاں امریکہ کے اپنے اہم اخبارات بھی اس منصوبے کی اپنے قلم کےذریعے دھجیاں اڑا رہے ہیں۔
معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے بھی گزشتہ روز اپنے ادارئیے میں ڈیل آف سنچری کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے خصوصی مشیر برائے مشرق وسطی جیئرڈ کوشنر کی تمام ترکوششوں کے باوجود فلسطین کی تمام تر قیاد ت نے اس کانفرنس کا مکمل بائیکاٹ کیا اور واضح طور پر کہا کہ وہ امریکی قیادت پر کسی بھی طور بھروسہ نہیں کر سکتے۔
اخبار نے مزید لکھا کہ اس کانفرنس میں امریکہ نے اپنی تمام تر توجہ پچاس بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پرمرکوز رکھی ،لیکن کسی بھی قسم کا کوئی مربوط سیاسی پلان پیش نہیں کیا جو مسئلے کے مرکزی فریق فلسطین کے لیے قابل قبول ہو،اس لیے فلسطینی قیادت نے اس کانفرنس اور منصوبے کو مکمل طور پر مستر د کردیا۔
اخبار کا یہ بھی یہ کہنا تھا کہ امریکی صدر کے داماد جیئرڈکوشنر نے صرف مالی پلان پیش کیا ہے،لیکن فلسطین تنازعے کا بنیادی نکتہ قابض اسرائیلی فوج کا مغربی کنارےکا محاصرہ ہے،اس کے حوالے سے کوئی حل پیش نہیں کیا،جس کی وجہ سے اس کانفرنس کو آغاز سے قبل ہی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔