(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) چین کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کیلئے "ہم فلسطینیوں اور اسرائیلی عوامی شخصیات کو چین میں مذاکرات کی دعوت دیں گے۔
چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے گذشتہ روز سعودی نیوز نیٹ ورک العربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاہے کہ چین مسئلہ فلسطین کا پر امن حل چاہتا ہے اور اس کیلئے چینی حکومت جلد دونوں فریقین، فلسطینی اور اسرائیلی اہم شخصیات کو مذاکرات کیلئے بیجنگ میں مدعو کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ چین مشرق وسطی میں علاقائی امن و استحکام کے حصول کے لئے چین ہی کی جانب سے 2017 میں پیش کردہ پانچ نکاتی منصوبے کو آگے بڑھانے پر یقین رکھتا ہے جو ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر مبنی ہے۔
چینی وزیرخارجہ نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں لیکن سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے مسئلہ فلسطین ایک بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور مسئلہ فلسطین کے حل کے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن کا قیام صرف خیال ہے اور چین اس بات سے اچھی طرح باخبر ہے۔