(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) میٹرک کے امتحانات میں چار جڑواں فلسطینی بہنوں نے شاندار نمبر حاصل کر کے فلسطینیوں کی ذہانت پر مہر ثبت کردی۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں فلسطین میں ہونے والے میٹرک کے امتحانات میں بیت المقدس سے جنوب میں ام طوبا نامی قصبے سے تعلق رکھنے والی چار جڑواں بہنوں نے شاندار پوزیشنر حاصل کر کے دنیا بھر کو چونکا دیا۔
چاروں بہنوں نے سائنس کے مضامین میں 91 سے 94 فی صد تک نمبر حاصل کیے۔ دینا نے 94، سوزان نے 92 اعشاریہ ایک، رزان نے 91 اعشاریہ 4 اور دیما نے 91 اعشاریہ ایک نمبر لے کربہترین پوزیشن حاصل کی۔
مقامی ذرائع کے مطابق چاروں بہنیں ایک غریب فلسطینی گھرانے سے تعلق رکھتی ہے اور ان کے والد 55 سالہ الشنیطی ایک سال قبل ذیابیطس اور گردوں کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث کام کاج سے محروم ہوگئے تھے۔تاہم اب ان بچیوں نے امتحانات میں شاندار نتائج حاصل کر کے اپنے بیمار اور تکالیف میں مبتلا والد کو نیا عزم اور حوصلہ مہیا کیا ہے۔
ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹرک کے امتحانات دینے والی چاروں بہنوں نے نتائج سے قبل آخری رات سخت پریشانی اور خوف میں گذاری تاہم نتائج کا اعلان ہوتے ہی ان کی اور ان کے والدین کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔
چاروں جڑواںبہنوں کو مقامی فلسطینیوں کی طرف سے امتحانات میں شاندار کامیابی پر مبارک باد کے پیغامات موصول ہو رہےہیں۔اس سے پہلے چاروں بہنیں قران بھی حفظ کر چکی ہیں۔
کیامیاب ہونے والی بچیوںکی ماں کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹیوں کی محنت رنگ لائی ہےجس کے بعد انہوںنے اگلے تعلیمی مراحل کے لیے اپنا راستہ مزیدآسان بنا دیا ہے۔