(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطینی قیدیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کام کرنے والی سب سے بڑی تنظیم صمیدون نے فلسطینی تنظیم آزادی پی ایل او سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی قومی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے فلسطینی قیدیوں کے حق میں آواز اٹھائے اور اس معاملے کو بھر پور طور پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے سامنے رکھے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی ملک بیلجیئم کے شہر برسلز میں قائم فلسطینی قیدیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے فلسطینی تنظیم آزادی پی ایل او سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فلسطینی قیدیوں کے مسائل کے حل کے لیے اور انکے حقوق کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کے سامنے آواز بلند کرنی چاہیے اور انکے ساتھ ان مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا چاہیئے۔
تنظیم نے اپنے بیان میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جیل میں قید فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیلی حکام کا رویہ غیر انسانی ہے اور اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی برادری کو اسرائیلی جرائم کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔