(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی وزیر خزانہ نے انکشاف کیا ہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت سے، غزہ پر مکمل قبضے کی تیاری کر رہی ہے, فوج، نئے چیف آف اسٹاف ایال ضمیر کی قیادت میں، مارچ کے پہلے ہفتے سے اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تیار ہے۔
عبرانی میڈیا کے مطابق، وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے یہ بیانات پیر کی شام کنیسٹ میں "مذہبی صیہونیت” پارٹی کے پارلیمانی بلاک کے اجلاس کے دوران دیے۔ انہوں نے حماس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ "حماس کے جنگجو اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان کے زمین پر رہنے کے دن گنے جا چکے ہیں۔ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل جب اپنی پوری طاقت، تیز رفتاری اور مہلک حملوں کے ساتھ میدان میں واپس آئے گی تو انہیں مکمل طور پر تباہ کر دے گی۔”
سموٹریچ نے مزید کہا، "جب ہم فیصلہ کریں گے کہ جنگ دوبارہ شروع کرنے کا وقت آ چکا ہے، تو اس کی شدت، مہلکیت اور تباہ کن قوت دیکھ کر سب حیران رہ جائیں گے۔” انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیلی فوج ایال ضمیر کی قیادت میں اور ٹرمپ انتظامیہ کی سیاسی حمایت کے ساتھ، حماس کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔