(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )صیہونی ریاست کے اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر اسرائیلی پارلیمنٹ کو تحلیل نہ کیا گیا تو نیتن یاھو 23 دسمبر کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔
صیہونی ریاست کے معروف اخبار ٹائمز آف اسرائیل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی حکمران جماعت "لیکود” کے سربراہ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھوں حکومتی اتحادی جماعت "بلیو اینڈ وائٹ "پارٹی کے سربراہ سابق اسرائیلی آرمی چیف اور وزیردفاع بینی گینٹز کی جانب سے پیداکردہ سیاسی مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہوگئے اور "کنیسٹ "(اسرائیلی پارلیمنٹ ) کو تحلیل نہ کیا گیا تو وہ 23دسمبر کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے جہاں وہ اماراتی صدر ، وزیراعظم اور قانونی ساز اسمبلی کے سربراہوں سمیت دیگر ملکی اہم عہدیداران سے تفصیلی ملاقاتیں کریں گے ۔
اخبار کا کہنا ہے کہ نیتن یاھو امارات کے پہلے دورے سے فائدہ اٹھا کر یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ وہ ایک تاریخی پیشرفت کی طرف بڑھ رہے ہیں جبکہ ان کے حکومتی اتحادی بینی گینٹز جو ان کے سیاسی حریف بھی ہیں معمولی نوعیت کے سیاسی امور میں الجھے ہوئے ہیں جس کے باعث اسرائیل کی تاریخی پیشرفت میں خلل آسکتا ہے ۔