(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین اتھارٹی کے اہم رہنما کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی ابتر صورت حال ، عرب ممالک کے درمیان کشیدگی اور فلسطین میں جاری کشمکش کے ہوتے ہوئے فلسطین میں انتخابات انعقاد ممکن دکھائی نہیں دیتا۔
تنظیم آزادی فلسطین کے ایگزیکٹو اور تحریک فتح کی سینٹرل کمیٹی کے سینیر رکن اور فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار عزم الاحمد نے فلسطینی ٹی وی چینل سے گفتگوکے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت اسرائیل میں انتخابات سرپر ہیں، ہمیں پہلے دیکھنا ہوگا کہ اسرائیل میں انتخابات کس کروٹ بیٹھتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی، مشرق وسطیٰ کی ابتر صورت حال اور فلسطین میں جاری کشمکش کے ہوتے ہوئے فلسطین میں انتخابات انعقاد ممکن دکھائی نہیں دے رہے ہیں
واضح رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے کئی ماہ قبل ملک میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا تھا تاہم انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ فلسطین کی بڑی جماعتوں میں اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ نے انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔