(روز نامہ قد س ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مشیر برائے مشرق وسطی جیسن گرین بیلٹ نے امید ظاہر کی ہے کے مجوزہ امن منصوبہ تمام فریقین کے لیے قابل قبول ہوگا اور اس کے نفاذ سے عشروں سے جاری عرب اسرائیل تنازعہ اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ امر لازمی نہیں ہے کہ مجوزہ امن منصوبہ دوریاستی حل پر زور دے گا،یہ کچھ مختلف بھی ہو سکتا ہے ایسا کچھ جو فلسطین اور اسرائیل دونوں فریقین کے لیے قابل قبول ہو اور جس کے باعث دہائیوں سے جاری عرب اسرائیلی کشیدگی میں خاتمہ ممکن ہو سکے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کے ممکنہ منصوبے میں کہیں بھی دو ریاستی منصوبے کا ذکر نہیں ہے بلکہ غزہ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں مسئلے کا ایسا حل ڈھونڈنے کی سنجیدہ کوشش کی گئی ہے جو تمام فریقین کے لیے باعث اطمینان ہوگا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد یا بدیر فلسطینی عوام اس بات کو سمجھ لیں گے کہ اس منصوبے پر عمل درآمد انکی مسلسل مشکلات کا اختتام ہوگا۔انکا یہ بھی کہنا تھا فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے بیچ تنازعات کو حل کروانا سب سے بڑالیکن ایک مشکل ترین ہدف ہے۔
انہوں نے فلسطینی قیادت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فلسطینی قیادت کو اپنی زمہ داری کو بخوبی سمجھنا چاہئے اور مزید زمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔